بنگلورو:16/مئی(ایس او نیوز) مرکزی وزیر محنت بنڈارو دتہ تریا نے اعلان کیا کہ عنقریب شہر کے بمن ہلی، شیموگہ، نرسا پور، ہارو ہلی، ہبلی اور داونگیرے میں چھ الگ الگ 800بستروں پر مشتمل ای ایس آئی اسپتال قائم کئے جائیں گے۔آج اندرا نگر میں ای ایس آئی نرسنگ کالج او ر کانفرنس ہال کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بمن ہلی میں 150 کروڑ روپیوں کی لاگت پر 200 بستروں کا اسپتال،شیموگہ میں 150کروڑ روپیوں کی لاگت پر 100 بستروں کا اسپتال، نرسا پور میں 100بستروں، ہارو ہلی میں سو بستروں، بلاری میں سو بستروں، داونگیرے میں سو بستروں اور ہبلی میں سو بستروں کے اسپتال تعمیر ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریاست کے بارہ ای ایس آئی دوا خانوں اور چھ چھوٹے اسپتالوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ کرناٹک میں ای ایس آئی کے 71دواخانے ہیں، پہلے مرحلے میں ان میں سے بارہ کو سدھارا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سال کے دوران مودی حکومت نے مزدور طبقے کی فلاح وبہبود کیلئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اننت کمار نے کہاکہ ملک کے تمام ای ایس آئی اسپتالوں میں سستی دواؤں کی فراہمی کیلئے جن اوشدی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ پندرہ دنوں کے اندر اس سلسلے میں وزارت محنت کے ساتھ وزارت کیمیا وکھاد مفاہمت کرے گی۔